سیمنار مطالعات سیرت


پریس ریلیز

عنوان: جامعہ پشاور میں سیرت النبی ﷺ پر سیمینار – اکیسویں صدی میں سیرت کی عصری اہمیت پر زور

پشاور (14 مئی 2025): جامعہ پشاور کے زیر اہتمام شیخ زاید اسلامک سنٹر میں ایک عظیم الشان سیمینار بعنوان "مطالعاتِ سیرت ﷺ اکیسویں صدی میں" منعقد ہوا۔ اس فکری و علمی نشست میں علما، اساتذہ، محققین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سیمینار کی صدارت ممتاز دینی و علمی شخصیت پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز نے فرمائی، جو اس وقت شریعت اپیلیٹ بینچ، سپریم کورٹ آف پاکستان کے رکن بھی ہیں۔ انہوں نے سیرت النبی ﷺ کو جدید دنیا کے لیے رہنما اصول قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ آج کے پیچیدہ سماجی و اخلاقی مسائل کا حل سیرت طیبہ کی روشنی میں ہی ممکن ہے۔

اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف خان نے شرکت کی، جنہوں نے اپنے خطاب میں سیرت النبی ﷺ کی اخلاقی، معاشرتی اور ریاستی جہات کو جدید دور کے تناظر میں اجاگر کیا۔

مہمانِ اعزاز   عبد المتین اخونزادہ  نے نوجوان نسل کو سیرت طیبہ کی روشنی میں کردار سازی کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ سیرت مصطفی ﷺ ہماری عملی زندگی کا مرکز و محور ہونی چاہیے۔

سیمینار کے میزبان:   پروفیسر ڈاکٹر رشید احمد، ڈائریکٹر شیخ زاید اسلامک سنٹر، جامعہ پشاور،قومی رحمت اللعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی، اسلام آباد

سیمینار کا اہتمام سیمینار و کانفرنس ونگ، شیخ زاید اسلامک سنٹر نے کیا۔ شرکا نے سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقی مقالہ جات اور خیالات پیش کیے۔ موضوعات میں "عصرِ حاضر میں اخلاقِ نبوی کی اہمیت"، "سیرت اور قیادت کے اصول"، اور "بین المذاہب ہم آہنگی میں سیرت کی رہنمائی" شامل تھے۔

سیمینار کے اختتام پر منتظمین کی جانب سے شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سیرت طیبہ کی روشنی میں معاشرے کو ایک پرامن، مہذب اور فلاحی نظام کی طرف لے جانے کے لیے مزید ایسی علمی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔